پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد 36 ہو گئی

پنجاب بارش

لاہور: پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد 36 ہو گئی ہے، رات گئے لاہور کے اکبری دروازے میں عمارت گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

راولپنڈی میں رات بھر بارش برستی رہی، جس کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہلم کے نالہ گھان میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے۔

اکبری گیٹ کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے واقعہ بارش کے باعث پیش آیا ہے، کرایہ دار ذوالفقار نے بتایا کہ چھت گرنے سے پہلے مالک مکان اور حکام کو آگاہ کیا تھا، جاں بحق افراد میں ذوالفقار کی بیوی، 22 سالہ بیٹا احسن اور 5 سالہ نواسا شامل ہیں۔

ذوالفقار کا کہنا تھا کہ بارش سے چھت گرنے کا خدشہ اس نے پہلے ہی ظاہر کیا تھا لیکن متبادل رہائش نہ ہونے پر مکان نہیں چھوڑ سکا تھا، انھوں نے کہا ہمارے پاس کھانے کو کچھ نہ تھا، 2500 روپے کرایہ دیتا تھا۔


رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، خطرے کے سائرن بج گئے


ڈھوک بدر اور خلاصپور میں شہری پھنس گئے ہیں، پاک فوج کو طلب کر لیا گیا ہے، خیبر پختونخوا میں 7 افراد جان سے گئے، بونیر میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو گئیں، گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر،سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، بارش کا سلسلہ رات سے مسلسل جاری ہے، راولپنڈی نالہ لئی میں طغیانی آنے پر خطرے کے سائرن بجائے گئے، اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف نشیبی علاقے زیر اب آ گئے ہیں جس پر امدادی ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں، شہر کے مختلف مقامات پر امدادی کاروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی ٹیمیں پہنچ گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔