لاہور : طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی اورانتظامیہ کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگاہ رکھنےکی ہدایت بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ سرکاری ادارےجذبے اور انتھک محنت سے کام کر رہےہیں، انتظامیہ کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز نے عوام سے اداروں سے مکمل تعاون اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سرکاری ادارے جذبے اور انتہائی محنت سے کام کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کو عوام کو بزریعہ سائرن اور اعلانات آگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ عوام اداروں سے تعاون کریں، حفاظتی ہدایات…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 17, 2025
پنجاب میں طوفانی بارش نے تباہی پھیلادی، چھتیس گھنٹے میں مختلف حادثات میں تریسٹھ افراد جاں بحق ہوئے، دیہات زیرآب آگئے اور بڑے شہر بھی ڈوب گئے۔
جڑواں شہروں میں دو سو تیس ملی میٹر سے زائد بارش کے بعد فلڈ ایمرجنسی لگا دی گئی۔
لاہورمیں اکبری دروازے میں عمارت گرگئی، جس میں خاتون سمیت تین افرادجاں بحق ہوئے جبکہ فیصل آباد میں دو دن کے دوران حادثات میں گیارہ اموات ہوئیں۔
چنیوٹ میں بجلی کے کھمبے اور تار ریلوے ٹریک پر گرنے سے ریلوے ٹریک میں کرنٹ آگیا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے۔