ایوان صدر میں اہم بیٹھک کا احوال سامنے آگیا

صدر زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات کا احوال

اسلام آباد (17 جولائی 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف کی حال ہی میں ہونے والی اہم ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، دونوں نے ایک دوسرے اور اہل خانہ کی خیریت دریافت کی۔

آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن پر گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت سے وزیر اعظم کی ملاقات کا مقصد غلط فہمی اور قیاس آرائیاں رد کرنا تھا، ایوان صدر سے متعلق گردش افواہوں اور قیاس آرائیوں میں صداقت نہیں، شہباز شریف نے آصف علی زرداری کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

وزیر اعظم نے ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا، حکومت نمبر گیم پورا ہونے کے باوجود اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلے گی۔

ملاقات میں گفتگو ہوئی کہ حکومت کو روز اوّل کی طرح پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر حکومتی رویے میں واضح تبدیلی آئی ہے، پیپلز پارٹی میں پارٹی سطح پر حکومتی رویے میں تبدیلی کو محسوس کی گئی تھی۔

پیپلز پارٹی نے مشترکہ دوستوں کو حکومتی رویے میں تبدیلی سے آگاہ کیا تھا، مشترکہ دوستوں نے حکومت کو اتحادی جماعت کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات 15 جولائی 2025 کو ہوئی تھی جس کا مقصد پیپلز پارٹی کے خدشات دور کرنا تھا۔