جدید ریک کے ساتھ بزنس ٹرین، مسافروں کیلیے نئی سہولیات

پاکستان ریلوے

ریلوے حکام نے کہا ہے کہ پاک بزنس ایکسپریس 19جولائی سےجدید ریک کے ساتھ چلے گی۔

حکام کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب ہوگی جس میں وزیراعظم کی شرکت متوقع ہے۔ نئی بزنس ایکسپریس میں اےسی  پارلر، اےسی اسٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کی کوچز شامل ہیں۔

نئی بزنس ٹرین میں 28 ڈیجیٹل کوچز، مفت وائی فائی، اور بین الاقوامی معیار کی ڈائننگ کار ہوگی۔ نئی ٹرین کا افتتآح پاکستان ریلویز کو جدید بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدید بنانے میں ڈیجیٹل ٹکٹنگ، بہتر آن بورڈ سروسز، اور اپ گریڈ شدہ اسٹیشن کی سہولیات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تمام میل، ایکسپریس، انٹر سٹی اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیششن کے مطابق ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق 18 جولائی 2025 سے ہوگا۔

2 جولائی 2025 کو پاکستان ریلوے نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار مسافر، ایکسپریس اور میل ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا تھا۔

ایکسپریس اور مسافر ٹرین کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جس کا اطلاق 4 جولائی 2025 سے ہوا تھا، اضافہ ایڈوانس بکنگ پر بھی عائد کیا گیا۔

ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈی ایس کو نئے کرایوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی تھی، ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے کو ماہانہ 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔