بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 20 جولائی سے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تین میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگا۔
بنگلادیش کا اسکواڈ وہی ہے جس نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں لنکا کی سرزمین پر 2-1 سے فتح حاصل کی تھی۔
سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین نجم العابدین فہیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے انتخاب کے بارے میں بورڈ کے نقطہ نظر کی وضاحت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تبدیلیاں ضروری ہیں تو الگ بات ہے لیکن ورلڈ کپ تک ہم مستقل مزاجی چاہتے ہیں اور غیر ضروری تجربات سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستانی ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے 16 جولائی کو ڈھاکا پہنچی ہے، اسکواڈ میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، فاسٹ بولر احمد دانیال اور سلمان مرزا انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔
شاداب خان اور حارث رؤف انجری کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں، حسن علی وائٹلٹی بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کررہے ہیں انہیں بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 22 اور 24 جولائی کو شیڈول ہے۔
پاکستان نے بنگلادیش کو ہوم سیریز میں مئی 2025 میں وائٹ واش کیا تھا۔
بنگلادیش اسکواڈ
لٹن داس کپتان ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں تنزید حسن، پرویز حسین، محمد نعیم، توحید حیدر، ذاکر علی، شمیم حسن پٹواری، مہدی حسن میراز، رشاد حسین، مہدی حسن، نسیم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، محمد حسن، مشتاق حسین، سیف الدین شامل ہیں۔