چکوال اور جہلم کے دیہات میں بروقت ریسکیو آپریشن کرکے 40 قیمتی انسانی جانیں بچالی گئیں۔
چکوال اور جہلم میں طوفانی بارش، طغیانی اور پانی کے بہت بڑے ریلے کی وجہ سے ڈھوک بدر اور دیگر گاؤں کا زمینی راستہ منقطع ہوچکا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر آرمی ایئر لفٹ ہیلی کاپٹر فوراً پہنچ گیا اور چند گھنٹے میں پورا ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔
تمام متاثرہ افراد باحفاظت اور باخیریت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، بروقت ریسکیو آپریشن پر دیہات کے مکینوں کا ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج سے اظہار تشکر کیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ بروقت ریسکیو آپریشن نہ کیا جاتا تو بچاؤ مشکل تھا، خوشی ہے کہ آج ہم محفوظ اور باحفاظت مقام پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد جاں بحق ہوگئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 227 افراد زخمی بھی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 178 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں جبکہ اس دوران 491 افراد زخمی ہوئے۔