شیخ وقاص کا اے آر وائی نیوز کے بائیکاٹ کا اعلان، پی ٹی آئی سینئر قیادت لاعلم نکلی

پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص کے اے آر وائی نیوز کے بائیکاٹ کے اعلان سے سینئر قیادت لاعلم نکلی۔

تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص نے اے آر وائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جس کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو علم تک نہیں ہے۔

شیخ وقاص اکرم کی جانب سے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو بائیکاٹ کا علم ہوا، فیصلے سے پہلے کور کمیٹی یا پارلیمانی پارٹی سے مشاورت تک نہ کی گئی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ چینل بائیکاٹ کے فیصلے سے متعلق اطلاع نہیں تھی۔

یہ پڑھیں: پی ٹی آئی کا اے آر وائی نیوز کا ایک دن کے بائیکاٹ کا اعلان، رپورٹر خبر پر قائم

تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آج اے آر وائی نیوز کا ایک دن کیلئے بائیکاٹ کررہی ہے، اے آر وائی نیوز نے علیمہ خانم، بیرسٹر سیف اور علی گنڈاپور سے متعلق بےبنیاد خبر نشر کی

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل شیخ وقاص اکرم نے کہا  تھا کہ سینیٹ میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پروپیگنڈا کیا گیا، پارٹی سے مشاورت کرینگے کہ اے آر وائی کا بائیکاٹ ایک دن سے زیادہ جاری رکھنا ہے یا نہیں۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ ذرائع سے خبر چلانا صحافی کا حق ہے لیکن جن کا نام لیا گیا ہے ان کا مؤقف لینا چاہیے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن کی ٹکٹوں پر پی ٹی آئی میں کھینچا تانی، بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی

نعیم اشرف بٹ ہیڈ آف انویسٹی گیٹیو سیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اپنی خبر پر قائم ہیں ایک نہیں دو نہیں چار لوگوں نے ہمیں کنفرم کیا جو میٹنگ میں وہاں موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ذرائع کا نام نہ پہلے لیا ہے اور نہ اب لیں گے، یہ کنفرم ہے اور چار میں تین خبروں کا شیخ وقاص اکرم نے ذکر تک نہیں کیا۔