ورلڈ انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے حسنین اختر فائنل میں پہنچ گئے۔
بحرین میں جاری ورلڈ انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے حسنین اختر فائنل میں پہنچ گئے، قومی کیوئسٹ نے سیمی فائنل میں پولش حریف کو شکست دی۔
حسنین اختر نے پولش حریف کو چار صفر سے شکست کا مزہ چکھایا۔ حسنین اختر کی جیت کا اسکور 76-1، 69-8، 88-0 اور 62-37 رہا۔
قومی کیوئسٹ کا فائنل میں کل ویلز کے کھلاڑی سے مقابلہ ہوگا۔
حسنین اختر نے ہر فریم میں بھرپور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف مقابلے میں واپس آنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
صبح کے سیشن میں حسنین اختر نے کوارٹر فائنل میں کیشٹوف چیپنک کو 3-1 سے ہرایا تھا۔
حسنین آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 چیمپپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے والے پہلے پاکستانی پلیئر ہیں۔ وہ اس وقت ایشین انڈر 21 چیمپئن بھی ہیں۔
2022 سے قبل اس چیمپئن شپ کو انڈر 18 کا درجہ حاصل تھا اور انڈر 18 ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے نسیم اختر نے 2017 کا ٹائتل جیتا تھا۔