کیا ایرانی صدر اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے؟ امریکی انٹیلیجنس ذرائع کا حیران کن دعویٰ

ایرانی صدر اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے، امریکی انٹیلیجنس ذرائع

(18 جولائی 2025) امریکی انٹیلیجنس سے منسلک ذرائع نے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے حوالے سے حیران کن دعویٰ کر دیا۔

سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلیجنس سے منسلک دو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی صدر مسعود پیزشکیان گزشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے۔

ذرائع نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ایران کے سرکاری میڈیا میں یہ رپورٹس درست ہیں کہ مسعود پیزشکیان اُس وقت سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شریک تھے جب اسرائیل کی جانب سے حملہ کیا گیا، انہیں ہنگامی صورتحال میں فرار ہوتے ہوئے ٹانگ میں چوٹ آئی۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملے میں ایرانی صدر کے زخمی ہونے کا انکشاف

تاہم یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اسرائیلی حملے کا ہدف ایرانی صدر تھے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ایک انٹرویو کے دوران مسعود پیزشکیان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایک ایسے علاقے پر بمباری کر کے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی جہاں میں ایک اہم اجلاس میں شریک تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کے پیچھے امریکا نہیں بلکہ اسرائیل ہی تھا، اجلاس میں ہم جنگی صورتحال پر تبادلہ خیال کر رہے تھے لیکن ان کے جاسوسوں کی انٹیلیجنس کے باعث اُس علاقے کو نشانہ بنایا گیا جہاں ہم موجود تھے۔

تاہم مسعود پریشکیان نے اسرائیلی حملے کی تاریخ کو وقت سے آگاہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ سی بی ایس نیوز کی رپورٹ پر وائٹ ہاؤس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی اسرائیل کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے آیا ہے، ایک ایرانی عہدیدار نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔