لاہور (18 جولائی 2025): قانون نافذ کرنے والے ادارے نے جعلی پولیس اہلکاروں کی اغوا برائے تاوان کی کوشش ناکام بنا دی۔
ڈولفن اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس اہلکاروں کی اغوا برائے تاوان کی کوشش ناکام بنائی، ندیم شہید چوک کے قریب مشکوک گاڑی سے مغوی بازیاب کروا لیا۔
جعلی پولیس اہلکار مغوی عرب جان کو ہتھکڑی لگا کر پشاور لے جا رہے تھے، ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے فیکٹری سے مغوی کو اغوا کیا۔
ڈولفن اسکواڈ نے گاڑی میں موجود 4 اغوا کاروں کو گرفتار کر کے مغوی عرب جان کو بازیاب کروایا۔
یہ بھی پڑھیں: تلاشی لینے والے جعلی پولیس اہلکاروں کو پہچانیے، ویڈیو رپورٹ
گرفتار ملزمان کا تعلق خیبر کے مختلف علاقوں سے ہے جنہیں مزید قانونی کارروائی کیلیے تھانہ ساؤتھ کینٹ کے حوالے کر دیا گیا۔
جعلی پولیس اہلکاروں کی جانب سے اس طرح کی متعدد وارداتیں پہلے بھی انجام دی جا چکی ہیں۔
3 اپریل 2025 کو کراچی میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث انتہائی مطلوب جعلی پولیس افسر اور اہلکار کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان اہم سرکاری ادارے کے ملازمین سمیت کئی شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
گلشن اقبال پولیس نے گلشن بلاک 4 میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا نے بتایا تھا کہ ملزمان میں جعلی پولیس افسر بلاول خلجی اور جعلی اہلکار وقاص شامل ہیں جو پولیس اہلکار، صحافی، جج کے بھائی سول ایوی ایشن کے ملازم اور اہم سرکاری ادارے کے ملازمین سمیت کئی شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا تھا کہ ملزمان غیر اخلاقی ویب سائٹ پر پہلے اپنے شکار سے دوستی کرتے تھے پھر ان سے ملنے کیلیے جاتے ہیں تو شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کر کے لاکھوں روپے تاوان وصول کرتے تھے۔