جہلم : شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے پولیس اہلکار کی لاش مل گئی

جہلم : شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے پولیس اہلکار کی لاش مل گئی

جہلم : شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے پولیس اہلکار حیدرعلی کی لاش مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ جہلم میں امدادی سرگرمیوں میں شامل پولیس اہلکار حیدر علی شہید ہوگیا ، گزشتہ روز شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کانسٹیبل کی لاش مل گئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل حیدر علی کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فلاح و بہبود کاخیال رکھا جائے گا ، پولیس کےجوان جانوں کی پرواہ کیے بغیر متاثرین کو ریسکیو کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے ریلے میں بہہ جانے کے واقعے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس کانسٹیبل حیدر علی کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حیدرعلی نے زندگیاں بچاتے ہوئےجان نچھاور کرکے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، شہید کانسٹیبل کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ، انھوں نے اپنی جان کی بازی لگا کر کئی لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔

شہید کانسٹیبل قوم کا ہیرو ہے جس نے فرض پر آنچ نہیں آنے دی اور انھوں نے بہادری کی شاندار نظیر قائم کی ،ان کی لازوال قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

محسن نقوی کا شہید کانسٹیبل کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔