موزمبیق میں غیر ملکی بحری جہاز پر کیپٹن سمیت 3 پاکستانی پھنس گئے

موزمبیق پاکستانی جہاز

ماپوتو: مشرقی افریقی ملک موزمبیق میں ایک غیر ملکی بحری جہاز کے کیپٹن سمیت 3 پاکستانی پھنس گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موزمبیق کے بیرا پورٹ پر ایک غیر ملکی بحری جہاز کو روک دیا گیا ہے، جس کے باعث اس میں موجود پاکستانی بھی پھنس گئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ اٹالین بحری جہاز پر پاکستانی عملہ بھی موجود ہے، جہاز کے کپتان محمد اسلم، عامر شہزاد اور نجات علی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاز پر کھانا اور پانی ختم ہو گیا ہے، ایندھن بھی خاتمے کے قریب ہے۔

اٹالین جہاز کے مالک اور موزمبیق انتظامیہ کے درمیان ادائیگیوں کا مسئلہ کئی ماہ سے جاری ہے، عملے کو کئی ماہ سے تنخواہ بھی نہیں دی گئی ہے۔


امریکا کی پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست رابطے کی حوصلہ افزائی


وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے موزمبیق میں پھنسے پاکستانیوں کی فوری مدد کی ہدایت کی ہے، ڈی جی پورٹس اینڈ شپنگ نے کیپٹن محمد اسلم سے رابطہ کیا ہے، اور موزمبیق حکومت سے رابطہ کر کے ضروری کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

وزارت خارجہ پاکستان سے بھی مدد لی جا رہی ہے، اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں جہاز کے کیپٹن محمد اسلم نے کہا کہ موزمبیق میں پاکستانی سفارتخانہ نہ ہونے کے باعث رابطے میں دشواری کا سامنا ہے۔

وزارت بحری امور کے مطابق غیر ملکی بحری جہاز پر 3 پاکستانی اور 9 انڈونیشیئن موجود ہیں۔