واشنگٹن (19 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے مزید 10 یرغمالیوں کو بہت جلد رہا کیا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دعویٰ وائٹ ہاؤس میں قانون سازوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران کیا جس میں ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مذاکرات کار 6 جولائی 2025 سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جنگ بندی مذاکرات کے تازہ ترین دور میں حصہ لے رہے ہیں جس میں 60 دن روزہ سیز فائر کی امریکی تجویز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’اسرائیل مذاکرات سے ہٹا تو طویل جنگ کیلیے تیار ہیں‘
عشائیے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں زیادہ تر یرغمال واپس مل گئے ہیں، ہم بہت جلد مزید 10 آنے والے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ تنازع جلد ختم ہو جائے گا۔
امریکی صدر کئی ہفتوں سے پیشگوئی کر رہے ہیں کہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ قریب ہے لیکن یہ معاہدہ ناکام ثابت ہوا ہے۔
گزشتہ روز حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مزاحمتی تنظیم غزہ جنگ میں عبوری جنگ بندی تک پہنچنے کی حامی ہے لیکن اگر موجودہ مذاکرات میں ایسا معاہدہ نہیں ہوتا ہے تو وہ مکمل پیکج ڈیل پر اصرار کر سکتے ہیں۔
جنگ بندی کی تجویز میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں قید 10 یرغمالیوں کو 18 دیگر کی لاشوں کے ساتھ واپس کیا جائے۔ اس کے بدلے میں اسرائیل حراست میں لیے گئے متعدد فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔