ممبئی (19 جولائی 2025): بالی وڈ سُپر اسٹار 59 سالہ شاہ رخ خان فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران افسوسناک حادثے میں زخمی ہوگئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ممبئی میں گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو میں فلم ’کنگ‘ کے ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے۔ اگرچہ چوٹ کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں تاہم ذرائع نے بتایا کہ انہیں علاج کیلیے امریکا روانہ کر دیا گیا ہے۔
پروڈکشن ہاؤس سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ یہ کوئی سنگین چوٹ نہیں ہے، گزشتہ سالوں کے دوران شاہ رخ خان کئی بار اس طرح کے سین شوٹ کرواتے ہوئے زخمی ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹروں نے شاہ رخ خان کو کم از کم ایک ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔
فلم سٹی، گولڈن ٹوبیکو اور وائی آر ایف اسٹوڈیوز کو ابتدائی طور پر جولائی اور اگست کے دوران بک کیا گیا تھا لیکن اب یہ بکنگ اگلے نوٹس تک منسوخ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’کنگ‘ شاہ رخ خان کیلیے اہم پروجیکٹ ہے جس میں ان کی بیٹی سہانا سمیت ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، دپیکا پڈوکون، ارشد وارثی، ابھے ورما، انیل کپور، جیکی شروف، راگھو جوئیل، جئے دیپ اہلاوت شامل ہیں۔
اگرچہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان باضابطہ طور پر نہیں کیا گیا لیکن ذرائع بتاتے ہیں کہ یہ سال 2026 میں ریلیز کی جائے گی۔ فی الحال مداح سُپر اسٹار کی جلد صحت یابی اور سیٹ پر جلد واپسی کیلیے دعاگو ہیں۔