معروف بھارتی اداکار 53 برس کی عمر میں چل بسے

تیلگو اداکار فش وینکٹ 53 سال کی عمر میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تیلگو اداکار فش وینکٹ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے وہ حیدرآباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

گزشتہ چند ماہ سے اداکار گردوں کے شدید مسائل سے دوچار تھے تاہم ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور انہیں ڈائیلاسز جاری رہنے کے باوجود انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا۔

ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کے بعد فوری کڈنی ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا تھا لیکن مناسب گردہ ڈونر نہ ملا اور وہ گردے فیل ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔

فش وینکٹ ٹالی ووڈ کی متعدد فلموں میں مزاحیہ اور ولن کردار ادا کرنے کے حوالے سے مشہور تھے، جن میں گبر سنگھ، ادھورس، ڈی جے تلو، کشی، دھی، بنی، اور میراپاکے شامل ہیں۔

ان کا اصل کا نام ’وینکٹ راج‘ ہے لیکن انہیں ’فش‘ کا نام ایک مزاحیہ کردار کی وجہ سے ملا جس میں فش بازار کا حوالہ دیا گیا تھا، ان کی حالیہ فلم ’کافی ود اے کلر‘ تھی۔

فش وینکٹ کو آنجہانی ہدایت کار داساری نارائن راؤ نے فلم سمکا ساراکا میں متعارف کروایا تھا۔

انہوں نے کیریئر کے دوران 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کی اور شاندار اداکاری سے انڈسٹری میں نام کمایا ہے۔

اداکار کی بیٹی شروانتی نے مالی امداد کے لیے عوام سے اپیل کی تھی کیونکہ ٹرانسپلانٹ کے لیے درکار رقم ان کے بجٹ سے باہر تھی۔