پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے

پشاور: سینیٹ نشستوں کے معاملے پر پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مردان سے حکومتی رکن طارق محمود آریانی نے بھی عرفان سلیم کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

طارق محمود نے کہا کہ عرفان سلیم کو بتا دیا ہار جیت سے ہٹ کر آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، وزیر اعلیٰ اپوزیشن کو اضافی نشستیں دے کر 27ویں ترمیم کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی ایم پی اے شکیل خان نے بھی عرفان سلیم کو ووٹ دینے کا اعلان کررکھا ہے۔

اس سے قبل ایکس پر ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی رہنما خرم ذیشان نے کہا تھا کہ بات سینیٹ الیکشن سے بہت آگے نکل چکی ہے، عمران خان جن سے بات نہیں کرنا چاہتے ان سے گٹھ جوڑ نامنظور ہے۔

یہ پڑھیں: سینیٹ کی نشست کے لیے مشال یوسفزئی کی نامزدگی ! بشریٰ بی بی کی بہن میدان میں آگئیں

انہوں نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں، گٹھ جوڑ، بندر بانٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے، ہمارا انتخاب 100 میں سے 100 بار مزاحمت ہی ہوگا۔

خرم ذیشان نے کہا کہ نہ جھکیں گے، نہ دستبردار ہوں گے، مصلحتوں سے انکار ہے، ہم سیاست نہیں جہاد کرتے ہیں، بھاڑ میں جائے سیاست اور نشستیں، اصول پر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مجھے دستبردار ہونے کی لالچ اور دھمکیاں نہ دی جائیں۔