کولڈ پلے کے کانسرٹ میں امریکی کمپنی کی سی ای او اینڈی بائرن اور ان کی کمپنی کی ایچ آر چیف کرسٹن کیبوٹ کی وائرل ویڈیو پر میمز بنانے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
اب اینڈی بائرن اور کرسٹن کیبوٹ کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں دی سمپسنز کا حوالہ دیا گیا کہ جیسے اس کی پیشگوئی پہلے ہی کردی گئی تھی۔
تاہم یہ منظر حقیقی نہیں ہے، متعدد میڈیا آؤٹ لیٹس سے پتا چلتا ہے کہ یہ تصویر کسی آفیشل سمپسنز ایپی سوڈ کی نہیں اور ممکنہ طور پر اے آئی سے تیار کردہ ہے۔
دی سمپسنز طویل عرصے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت سے لے کر تکنیکی رجحانات تک خوفناک "پیش گوئیوں” کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ لیکن زیادہ تر معاملات میں، یہ پیشین گوئیاں یا تو اتفاقی ہوتی ہیں یا سوشل میڈیا ہیرا پھیری کے ذریعے بڑھا چڑھا کر پیش کی جاتی ہیں۔
واقعہ کیا ہے؟
واقعہ کچھ یوں ہے کہ بدھ کی رات میساچوسٹس کے گیلیٹ اسٹیڈیم میں کولڈپلے کا کنسرٹ جاری تھا۔ اسی دوران مشہور "جَمبوٹرون” اسکرین پر کیمرہ ایک مرد اور عورت پر جا رکا جو موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
یہ پڑھیں: ویڈیو: کولڈ پلے کے کانسرٹ میں امریکی کمپنی کے سی ای او کا بھانڈا پھوٹ گیا
جیسے ہی اس جوڑے نے خود کو اس حالت میں بڑی اسکرین پر دیکھا تو گھبراہٹ میں اپنے چہروں کو چھپانے لگے۔ سی ای او کیمرے سے بچنے کی کوشش میں سیٹ کے نیچے بیٹھ گئے اور ایچ منیجر نے منہ موڑ لیا۔
اس دلچسپ صورت حال پر اسکرین پر نظر جمائے کولڈپلے کے فرنٹ مین کرس مارٹن نے فی البدیہہ کہا کہ اوہ، دیکھو ان دونوں کو! یا تو یہ چھپ کر محبت کر رہے ہیں یا پھر بہت شرمیلے ہیں۔
اُس وقت تک کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ کرس مارٹن کا بس یہی جملہ انٹرنیٹ میں آگ لگانے کے لیے کافی ہوگا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلی اور جلد ہی انٹرنیٹ پر اس جوڑی کی شناخت امریکی کمپنی کے سی ای او اینڈی بارئن اور ایچ آر چیف کرسٹن کیبوٹ کے نام سے ہوئی۔