جنوبی وزیرستان سے 7 پولیس اہلکار لاپتا ہو گئے

جنوبی وزیرستان پولیس اہلکار لاپتا

جنوبی وزیرستان: تھانہ لدھا اور سروکئی کے 7 پولیس اہلکار لاپتا ہو گئے ہیں، ڈی پی او ارشد خان نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیر ستان کے تھانہ لدھا اور سروکئی کے سات پولیس اہلکاروں کو ممکنہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے، ڈی پی او ارشد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تین اہلکار تھانہ لدھا کی حدود میں گشت کے دوران لاپتا ہوئے، جن میں انصاف، عابد اور اسماعیل شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ تھانہ سروکئی کی حدود تانگہ چگملائی سے 4 اہلکار لاپتا ہوئے ہیں جن میں ایس آئی عبدالخالق، سپاہی عرفان اللہ، حبیب اللہ اور عمران شامل ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش جاری ہے، کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔


شراب و اسلحہ برآمدگی کا کیس، علی امین کو بیان ریکارڈ کروانے کا آخری موقع مل گیا


دریں اثنا، ہنگو میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن میں 9 دہشت گرد مارے گئے ہیں، مقابلے کے دوران ڈی پی او اور ایس ایچ او بھی زخمی ہو گئے، ڈی پی او خالد خان کو فوری طورپر پشاور کے اسپتال پہنچا دیا گیا۔

آئی جی کے پی نے بتایا آپریشن میں ڈی پی اوہنگو کو 3 گولیاں لگی ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، اسپتال میں سرجری کے بعد ڈی پی او خالد خان کی حالت اب تسلی بخش ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آر پی او کوہاٹ ریجن عباس مجید مروت نے بتایا کہ دوآبہ کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔