پارلیمنٹیرینز کے بعد ڈاکٹرز بھی تنخواہوں میں اضافے کے لیے میدان میں آ گئے

تنخواہوں میں اضافہ ڈاکٹر پمز اسلام آباد

اسلام آباد: پارلیمنٹیرینز کے بعد ڈاکٹرز بھی تنخواہوں میں اضافہ کے لیے میدان میں آ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کر دیا ہے، اس سلسلے میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر سربراہ پمز نے وزارت صحت کو خط لکھا ہے۔

سیکریٹری صحت کے نام مراسلے میں پمز کے سربراہ پروفیسر عمران سکندر نے اسپتال کے زیر تربیت ڈاکٹروں کے کم ماہانہ اعزازیہ پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس اور ایچ اوز کا اعزازیہ بڑھانے کا مطالبہ جائز ہے۔

سربراہ پمز کا کہنا تھا کہ اسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس اور ہاؤس آفیسرز کا اعزازیہ کم ہے، ٹرینی ڈاکٹرز ماہانہ ایک لاکھ 4390 اعزازیہ وصول کر رہے ہیں، یہ اعزازیہ پنجاب، کے پی، آزاد کشمیر سے کم ہے، جہاں انھیں ڈیڑھ لاکھ اعزازیہ دیا جاتا ہے۔

انھوں نے مراسلے میں لکھا کہ وفاقی اسپتالوں کے ٹرینی ڈاکٹرز کا اعزازیہ 2020 کے بعد نہیں بڑھایا گیا ہے، مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث اب اعزازیے میں اضافہ ناگزیر ہے۔


سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر


ان کا کہنا تھا کہ پمز کے پی جیز اور ایچ اوز کا مریضوں کی دیکھ بھال میں اہم کردار ہے، یہ اسپتال کے فعال نظام کا اہم جزو ہیں، یہ طویل اور آن کال ڈیوٹی کرتے ہیں، اب یہ کم اعزازیے پر اضطراب کا شکار ہیں، اور ڈاکٹروں کے مورال میں کمی سے پیشنٹ کیئر سروسز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سربراہ پمز نے مطالبہ کیا کہ اسپتال کے پی جیز اور ہاؤس افسران کا اعزازیہ دیگر صوبوں کے برابر کیا جائے، اعزازیہ بڑھنے سے ڈاکٹرز کو بنیادی ضروریات پورا کرنے میں آسانی ہوگی۔ دریں اثنا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں پی جیز اور ایچ اوز ڈاکٹرز 1 ہزار سے زائد ہیں۔