لاس اینجلس میں ڈرائیور نے قطار میں کھڑے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی

لاس اینجلس ہجوم پر گاڑی چڑھا دی

لاس اینجلس: امریکا کے شہر لاس اینجلس میں ایک شخص نے نائٹ کلب کے باہر کھڑے افراد پر گاڑی چڑھا دی۔

تفصیلات کے مطابق مقامی پولیس نے کہا ہے کہ ہفتے کو لاس اینجلس میں سانتامونیکا بلیوارڈ میں ایک شخص نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی، نائٹ کلب کے باہر پیش آنے والے اس واقعے میں 30 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 7 کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور کو حملے کے بعد گولی ماری گئی، جسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کا علاج کیا جا رہا ہے، جب کہ گاڑی کی زد پر آنے والے شہریوں کو بھی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس نے ملزم کی شناخت 29 سالہ فرنینڈو رامیرز ظاہر کی ہے، اور کہا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر ہجوم پر گاڑی چڑھائی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عوام کی ایک قطار ورمونٹ ہالی ووڈ میوزک وینیو میں داخل ہونے کا انتظار کر رہی تھی، جس میں زیادہ تر خواتین تھیں۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ (ایل اے پی ڈی) نے کہا کہ ڈرائیور نے ہجوم پر گاڑی چڑھانے سے قبل یو ٹرن لیا تھا، جس سے پتا چلتا ہے کہ اس نے قصداً گاڑی چڑھائی۔ جب پولیس افسران موقع پر پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ راہگیر ڈرائیور کو گاڑی سے باہر گھسیٹ کر پیٹ رہے تھے اور ایک شخص نے اسے گولی مار دی۔

قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ ڈرائیور نشے میں تھا۔