اسلام آباد (20 جولائی 2025): سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری نہ ہونے پر سینیٹ الیکشن کو ناممکن قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا وہ معطل کرے گا کیونکہ جب تک مخصوص نشستوں پر حلف برداری نہیں ہو جاتی الیکشن کمیشن شیڈول نہیں دے گا۔
کنور دلشاد نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے بعد ہی الیکشن کمیشن سینیٹ الیکشن کا شیڈول دے گا، کل ہونے والا سینیٹ الیکشن ناممکن ہے، مخصوص نشستوں کا حلف نہیں ہو سکا ہے کے پی کا ایوان نامکمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی کا اراکین کی حلف برداری کے حوالے سے اہم اعلان
انہوں نے کہا کہ ٹیکنکل طور پر کے پی سے سینیٹ کیلیے پی ٹی آئی کی 6 نہیں 7 نشستیں بنتی ہیں، صوبائی اسمبلی میں ان کی 92 نشستیں ہیں جبکہ فارمولے کے تحت ان کو 5 جنرل، 1 ٹیکنوکریٹ اور 1اقلیتی نشست مل سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کس بنا پر اپنی ایک سیٹ اپوزیشن کے حوالے کر دی؟ کوئی خاص حکمت عملی ہے یا ہارس ٹریڈنگ ہوگئی جس پر ان میں اختلافات ہوئے، جب تک کے پی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو جاتا الیکشن کمیشن ہدایات دینے کا مجاز نہیں، حلف برداری کا مسئلہ نہ ہوتا تو الیکشن کمیشن ایکشن لے سکتا تھا۔