مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کب ہوگی؟ الیکشن کمیشن کا اعلامیہ جاری

گورنر مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لیں گے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد (20 جولائی 2025): الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کل صبح 9 بجے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ گورنر ہاؤس میں کل صبح 9 بجے حلف برداری کی تقریب ہوگی، سینٹ الیکشن کا عمل کل 11 بجے جرگہ ہال میں شروع ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں کے ارکان نے حلف نہیں لیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ کو مراسلہ بھیجا اور حلف برداری کیلیے نامزدگی کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں: کسی بھی وقت مخصوص نشستوں کے ارکان سے حلف لے سکتا ہوں، گورنر کے پی

الیکشن کمیشن نے آئی جی، چیف سیکرٹری اور آئی جی ایف سی کو سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی۔

قبل ازیں، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ عتیق شاہ نے مخصوص نشستوں پر اراکین کا حلف لینے کیلیے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس ہائیکورٹ عتیق شاہ کو اراکین سے حلف لینے کیلیے کسی کو نامزد کرنے کا خط لکھا تھا۔ چیف جسٹس آرٹیکل 255 (2) کے تحت کسی بھی ممبران سے حلف لینے کیلیے نامزد کر سکتے ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ جتنا جلد ممکن ہو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اراکین سے حلف لیں۔