کئی سرکاری اداروں کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ!

اسلام آباد (20 جولائی 2025): وزارت خزانہ نے کئی سرکاری اداروں کے ریڈ زون میں کام کرنے اور دیوالیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کی سرکاری اداروں سے متعلق دستاویز جاری کی ہیں، جس میں اداروں کی زبوں حالی کا احوال بیان کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق کئی سرکاری ادارے ریڈ زون میں کام کر رہے ہیں جب کہ کئی سرکاری کارپوریشنز کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

ان دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اداروں کے بہت سے بورڈ آف ڈائریکٹرز بدستور غیر فعال ہیں۔ ان بورڈ ارکان کے پاس نہ تو مہارت ہوتی ہے اور نہ آزادی اور تجربہ ہوتا ہے۔ بورڈ ارکان کے پاس اسٹریٹجک فیصلے لینے اور احتساب نافذ کرنے کا عزم بھی نہیں ہوتا ہے۔

دستاویز میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ زیادہ تر اداروں میں آڈٹ کمیٹیاں غیر فعال یا صرف علامتی ہوتی ہیں۔ خطرے کے انتظام کے طریقہ کار یا تو بالکل موجود نہیں یا صرف خانہ پُری تک محدود ہیں۔

وزارت خزانہ کی ان دستاویزات میں سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کے زوال کی وجہ بھی بیان کی گئی ہے اور کہا ہے کہ موثر نگرانی کی عدم موجودگی نے مالیاتی غلط بیانی اور لاگت میں اضافے کو جنم دیا ہے۔ بعض صورتوں میں مشتبہ فراڈ جیسے معاملات پیدا ہوئے ہیں۔ مالی عدم استحکام، اداروں پر عوامی اعتماد کے زوال میں اضافہ ہوا ہے۔