بلوچستان میں خاتون کے قتل کی ویڈیو وائرل، حکومتی مدعیت میں مقدمہ درج

کراچی میاں بیوی قتل

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خاتون کے قتل کی ویڈیو وائرل ہے خاتون کے قتل کا مقدمہ ریاست، صوبائی حکومت کی مدعیت میں درج کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں ترجمان شاہدرند نے کہا کہ خاتون کے قتل میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں ایک ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ مزید کو گرفتار کیا جائےگا۔

شاہدرند نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کےلئے ڈیٹا نادرا بھیجا گیا جس میں متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہو گئی ہے فی الحال ظاہر نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرگوں کا انعقاد سندھ، بلوچستان، پنجاب، کےپی میں ہوتا ہے قانون میں جرگوں کی اجازت نہیں، غیرمصدقہ اطلاعات ہیں کہ واقعہ عیدالاضحیٰ کا ہے اور فیملی نے رپورٹ نہیں کیا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کر رہے ہیں واقعے کا ضلعی انتظامیہ کو بھی علم نہیں تھا، خاتون کی باڈی ریکور ہونے کا مراحلہ ابھی باقی ہے۔