کراچی میں پھل فروش سے زبردستی مفت آم لینا پولیس اہلکار کو مہنگا پڑگیا

کراچی: پھل فروش سے زبردستی مفت آم لینا پولیس اہلکار کو مہنگا پڑگیا، پولیس اہلکار کی وائرل ویڈیو نے اسے مشکل میں ڈال دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکار پھل بطور رشوت لیتے پکڑا گیا، پھل فروش نے مفت عام لینے والے پولیس اہلکار کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، ویڈیو میں پولیس اہلکار نے پھل فروش کا ترازو بھی اپنے ہاتھ میں اٹھا رکھا تھا۔

پھل فروش نے ویڈیو میں دکھایا اہلکار کی موٹرسائیکل پر نمبرپلیٹ ہی نہیں تھی، ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار کی شناخت الیاس کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی: پھل فروش پر تشدد کرکے مفت پھل لینے والے پولیس اہلکار معطل

پولیس حکام نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار سائٹ سپرہائی وے تھانے میں تعینات ہے، ویڈیو سامنے آنے کے بعد الیاس نامی اہلکار کومعطل کردیا گیا ہے۔

کچھ مہینوں قبل بھی شارع نور جہاں پر پولیس اہلکاروں کی قلندریہ چوک کے قریب ٹھیلے سے مفت خربوزہ لینے اور ٹھیلے والے کو مغلظات اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے شارع نور جہاں تھانے کی پولیس موبائل میں سوار چاروں اہلکاروں کو معطل کردیا تھا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے پھل فروش کو اپنے دفتر بھی بلایا تھا، ایس ایس پی سینٹرل نے پھل فروش کو گلدستہ دیا اور واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم کی تھیں۔

https://urdu.arynews.tv/karachi-police-beat-up-man-girl-watched-in-horror/