ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کی شامت آگئی، بڑا فیصلہ

ٹرین

لاہور : وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کو جرمانے کے ساتھ قید کی سزا کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی انہوں نے ہدایت کی کہ ٹکٹس چیک کرنے کیلئے ٹرینوں پر اچانک چھاپے مارے جائیں۔

ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرنا قانونی اور اخلاقی طور پر بھی درست نہیں ہے، یہ نہ صرف دھوکہ دہی ہے بلکہ اس سے ریلوے کے قواعد و ضوابط کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کو جرمانے کے ساتھ اب جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی جو ان کیلیے شرمندگی کا باعث ہوگا لہٰذا ہمیشہ ٹرین کے سفر سے پہلے ٹکٹ لازمی خریدیں۔

مزید پڑھیں : بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ملتان میں پاکستان ریلویز نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کو پکڑ کر لاکھوں روپے جرمانے اور کرایہ وصول کیا تھا۔

ملتان ڈویژن کے عملے نے مختلف ٹرینوں میں چھاپوں کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 154 مسافروں کو پکڑا اور کرایہ سمیت بھاری جرمانوں کی وصولی کی گئی۔

ریلوے انتظامیہ نے مجموعی طور پر جرمانہ اور کرایہ کی مد میں 2لاکھ 52ہزار760 روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروا دیے تھے۔