اسلام آباد : پاکستان میں مون سون بارشوں نے تباہی پھیلادی، اموات کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی جبکہ ساڑھے 500 سے زائد زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بارشوں اور سیلاب سے والےنقصانات پر رپورٹ جاری کردی۔
جس میں بتایا گیا مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے اب تک مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد دو سو سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ ساڑھے 500 سے زائد زخمی ہیں، جس میں پچیاسی بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 افراد پنجاب اور ایک خیبرپختونخوا میں جاں بحق ہوا جن میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ 135 اموات، خیبر پختونخوا میں 42، سندھ میں 21، بلوچستان میں 16 جبکہ اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ایک ، ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
مزید پڑھیں : آج سے مزید بارشوں کی پیشگوئی، مون سون کا اسپیل زیادہ طاقتور ہونے کا امکان
رپورٹ میں کہا گیا کہ زیادہ تر اموات گھر گرنے، سیلاب، بجلی گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ڈوبنے سے ہوئیں۔
دوسری جانب پنجاب میں مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل بارش برسانے کو تیار ہے، این ڈی ایم اے نے پچیس جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے تحت بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورت حال کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سندھ کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، خیرپور، سکھر، جیکب آباد ، ٹھل، گڑھی خیرو، ٹنڈوالہ یار میں نشیبی علاقے زیرآب ہیں۔