لاہور(21 جولائی 2025): پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبےکے بیشتر اضلاع میں آج مون سون بارشیں ہوں گی اور مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ زیادہ طاقتور ہے جب کہ بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، مری،گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، حافظ آباد،گجرات، جہلم، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور گوجرانوالہ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے اس کے پیش نظر پنجاب کے دریاؤں وندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے پنجاب بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔