کراچی : شہری کو کراچی کے بجائے جدہ لے جانے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے نجی ایئرلائن اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نجی ائیرلائن کی جانب سے شہری کو لاہور سے کراچی کے بجائے جدہ لے جانے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ذوالفقار سانگی نے کہا کہ لگتا ہے درخواست گزار کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی ہے، جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا بغیر پاسپورٹ کو شہری کو کیسے دوسرے ملک لے جایا گیا؟ ایف آئی اے، اور امیگریشن حکام کی نا اہلی ہے جبکہ قومی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔
جسٹس ذوالفقار سانگی نے استفسار کیا کیا ائیر لائن کے خلاف کوئی انکوائری ہورہی ہے؟ تو درخواست گزار کا بتانا تھا کہ انکوائری کے معاملے کا عمل نہیں۔
مزید پڑھیں : نجی ایئرلائن نے لاہور سے کراچی جانے والے مسافر کو جدہ پہنچا دیا
جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس دیے لوگ کہتے ہیں ہمیں یہاں سے انصاف نہیں ملتا، ہم صبح سے سماعت کیلئےبیٹھتے ہیں، سو سو کیسزروزانہ سنتے ہیں، اس طرح تو ریگولر بنیچز میں بھی کیسز نہیں چلتے، اس کے باوجود لوگ سمجھتے ہیں ان کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا۔
سندھ ہائیکورٹ نے شہری کی درخواست پر نجی ایئرلائن اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا جبکہ ایک ہفتے میں فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
متاثرہ شہری ملک شاہ زین نے نجی ایئر لائن کے خلاف درخواست دائر کی تھی ، درخواست میں سول ایوی ایشن و دیگر کوبھی فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ نجی ایئرلائن والوں نے شہری کو کراچی کے بجائے جدہ پہنچا دیا، جدہ پر بغیر پاسپورٹ لے جایا گیا، سعودی حکام نے پوچھ گچھ کی اور درخواست گزارکوبٹھا دیا، سعودی حکام نے شہری کو دوبارہ لاہور ڈی پورٹ کیا۔