سرگودھا میں گھر سے کھیلنے نکلی بچی اغوا کے بعد قتل

سرگودھا میں گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی 6 سالہ بچی کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق 6 سالہ زینب کی لاش رشتے دار کے باڑے سے ملی، بچی سے زیادتی کا شبہ ہے، تحقیقات جاری ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق بچی گزشتہ شام کھیلنے کے لیے گھر سے نکلی واپس نہیں آئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ سلانوالی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل راولپنڈی کے تھانہ مندرہ کی حدود میں 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

یہ پڑھیں: راولپنڈی میں 7 سالہ بچی کا زیادتی کے بعد قتل

سی پی او خالد ہمدانی نے 7 سالہ بچی کی لاش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی گوجر خان سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ مقتولہ بچی گزشتہ روز گھر کے قریب کھیلتے ہوئے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوئی تھی، مقتولہ کی لاش زیر تعمیر عمارت سے ملی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں موت کا تعین کیا جاسکے گا۔