پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان سے آئی سی سی ٹورنامنٹس کھیلنے کا بائیکاٹ کرے۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان سے ایک ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے انکار کیا جارہا ہے تو اسے اس مؤقف کو آئی سی سی ایونٹس تک بڑھانا چاہیے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ پوری دنیا ان کے بارے میں بات کررہی ہے انہوں نے مجموعی طور پر کرکٹ اور شائقین کو کیا پیغام دیا ہے، آپ کیا دکھانے کی کوشش کررہے ہیں، اب ورلڈ کپ میں مت کھیلیں، یہ وعدہ کریں کہ کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ہمارے خلاف نہیں کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ایسا کرکے دکھائیں میں یہ دیکھنا پسند کروں گا۔
یہ پڑھیں: لیجنڈز میچ منسوخی : شاہد آفریدی کا بھارتی کھلاڑیوں کو کرارا جواب
سابق کپتان نے کہا کہ میں سمجھ نہیں سکا، یہ فیصلہ کون کررہا ہے، وہ چار پانچ لوگ جنہوں نے نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ان کی وجہ سے دوسرے جو شاید کھیلنا چاہ رہے تھے وہ دباؤ محسوس کرتے تھے۔
واضح رہے کہ برمنگھم کے ایجبسٹن میں اتوار 20 جولائی کو شیڈول انڈیا چیمپیئنز اور پاکستان چیمپیئنز کا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔
سابق اوپنر شیکھر دھون سمیت متعدد ہندوستانی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی وجہ سے شرکت سے انکار کرنے کے بعد میچ کو منسوخ کردیا گیا۔