ڈھاکا (21 جولائی 2025): پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش سے پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد پچ کو غیر معیاری قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کا ملبہ پچ پر ڈالتے ہوئے شیر بنگلہ اسٹیڈیم کی پچ کو غیر معیاری اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ یہ پچ کسی کے لیے بھی موزوں ہے۔ ایسے وقت میں جب ٹیمیں ایشیا کپ یا ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کر رہی ہیں، تو اس قسم کی پچ نا قابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی پچز سے کھلاڑیوں کی تکنیکی ترقی بھی متاثر ہوتی ہے۔ بنگلہ دیش کو ورلڈ کلاس کرکٹر چاہئیں تو معیاری وکٹیں بنانا ہوں گی۔
پاکستانی ہیڈ کوچ نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کے بیٹرز نے پچ کو غلط انداز میں پرکھا۔ فخر زمان نے کچھ جارحانہ شارٹس کھیلے جس سے ہمیں غلط تاثر ملا کہ پچ کیسی کھیل رہی ہے۔ درمیانے اوورز میں ناقص شاٹ سلیکشن نے ہمیں نقصان پہنچایا۔ گیند جب سیم اور باؤنس کرنے لگی تو ہم خطرے کا اندازہ نہ لگا سکے۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی اوپنر پرویز حسین نے پاکستانی ہیڈ کوچ کے بیان کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں تو پچ خراب محسوس نہیں ہوئی۔ ہم نے تو ہدف بھی 16 اوورز سے پہلے حاصل کر لیا۔ اگر ہم 20 اوورز کھیلتے تو 150 سے 160 رنز با آسانی بنا سکتے تھے۔
واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے 20 اوورز بھی نہیں کھیل پائی تھی اور 19.3 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
سیریز کا دوسرا میچ کل (منگل) کھیلا جائے گا۔ تین میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
اس میچ میں پاکستان کو صرف بدترین شکست ہی نہیں ہوئی بلکہ اس نے بنگلہ دیش کے خلاف دو منفی ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔
https://urdu.arynews.tv/pakistan-made-two-negative-records-against-bangladesh/