انڈسٹری میں کام صرف تب کروں گی جب میری عزت ہوگی، علیزے شاہ

اداکارہ علیزے شاہ کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں کام صرف تب کروں گی جب میری عزت ہوگی۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں اداکارہ علیزے شاہ نے کہا کہ اداکاروں کی زندگی بہت مشکل ہوتی ہے اور ہمیں ایک ڈرامے کے چیک تین تین ماہ کے بعد ملتے ہیں، ہمیں اپنی کمائی کے لیے لوگوں سے بات کرنی پڑ رہی ہوتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جب چیک دیا جاتا ہے تو ایسا لگتا ہے ہم پر کوئی احسان کیا جارہا ہے اور کہا جاتا ہے کہ ہم آپ کے لیے اتنا تو کررہے ہیں جتنا آپ کا گزارہ ہوجائے۔

علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ میری انڈسٹری میں کام نہ کرنے کی یہی وجہ ہے، کہا جاتا ہے اپنی پروڈکشن میں کام دے کر احسان کررہے ہیں تو اپنا احسان آپ اپنے پاس رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کام میں عزت نہیں ہے وہاں آپ کیسے کام کرو گے، میرے اوپر میمز بنائی گئیں ٹرول کیا گیا ہے۔

اداکارہ کے مطابق جب میں میٹنگ میں کہیں جاتی ہوں تو کہا جاتا ہے کہ آپ کی امیج اتنی خراب ہے آپ کو کیوں کاسٹ کریں، آپ نے مجھے کاسٹ کرنا ہے یا نہیں لیکن آپ مجھ سے یہ سوال پوچھنے والے ہوتے کون ہو کہ میری امیج خراب ہے۔

علیزے شاہ نے کہا کہ آپ مجھے میٹنگ میں کیوں بلا رہے ہو، بے عزتی کرنا کہ اگلا شخص اندر سے ٹوٹ جائے پھر یہ کہنا کہ ٹھیک ہے جی ہم آپ کے لیے بہت بڑا قدم اٹھا رہے ہیں جیسے میں نے کوئی گناہ کیا ہے، مجھے کام دے کر میری ذات پر احسان نہ کریں مجھے صرف عزت اور ٹائم پر رقم چاہیے اگر آپ یہ نہیں کرسکتے تو انڈسٹری میں آپ سے بڑا بھکاری کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب کچھ آپ لوگوں کو مبارک ہو، میں کام صرف تب کروں گی جہاں میری عزت ہوگی۔