لیاری میں خطرناک قرار دی گئی عمارت کیخلاف کارروائی نہ ہو سکی

لیاری میں خطرناک قرار دی گئی عمارت کیخلاف کارروائی نہ ہو سکی

کراچی (22 جولائی 2025): لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے خطرناک قرار دی گئی عمارت کے خلاف کارروائی کا آغاز نہ ہو سکا۔

آگرہ تاج کالونی میں 5 جولائی کو ڈی سی ساؤتھ اور ایس بی سی اے کے عملے نے 7 منزلہ عمارت کو خالی کروا کر سیل کیا تھا، بلڈنگ کو 7 جولائی کو مسمار کرنا تھا لیکن اس پر عمل اب تک درآمد نہیں ہو سکا۔

رہائشی عمارت پر ایس بی سی اے کی طرف سے کی جانے والی انتباہی تحریر مٹا دی گئی جبکہ مالک نے ایس بی سی اے کی ملی بھگت سے کلر (رنگ) بھی کروانا شروع کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی 68 عمارتیں انتہائی مخدوش قرار، منہدم کرنے کا فیصلہ

ذرائع نے بتایا کہ خالی کی گئی عمارت میں دوبارہ 12 فیملیز کو منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ایس بی سی اے کی طرف سے عمارت کو مسمار کرنے کیلیے اقدامات نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ 5 جولائی کو اُس وقت عمارت کے گرنے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا جب 7 منزلہ رہائشی بلڈنگ میں دراڑیں پڑ گئی تھیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بلڈنگ میں 12 یونٹس ہیں جبکہ 10 خاندان رہائش پذیر ہیں۔

7 منزلہ عمارت کو اپریل میں مخدوش اور رہائش کیلیے ممنوع قرار دیا گیا تھا لیکن بلڈر نے حال ہی میں رنگ و روغن کروا کر عمارت کو نیا بنانے کی کوشش کی تھی۔

بلڈنگ کو لیاری کے علاقے بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے کے ایک روز بعد سیل کیا گیا تھا، افسوسناک واقعے میں 27 جان ضائع ہوئیں جبکہ رہائشیوں کو مالی نقصان پہنچا۔