این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والی مون سون بارشوں سے مزید 5افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 10زخمی ہوئے ہیں۔
جاری اعلامیے میں این ڈی ایم نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 3 بچے بھی شامل ہیں، اموات مکانات گرنے کے باعث ہوئیں، خیبر پختونخوا کے اضلاع تورغر اور اپردیر میں 4افراد جاں بحق ہوئے، سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، تورغر اور اپردیر میں 10 افراد زخمی ہوئے، 26جون سے اب تک مون سون بارشوں سے 221 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں زخمیوں کی تعداد 592 ہے، سب سے زیادہ پنجاب میں 135 اموات ہوئیں، خیبر پختونخوا میں 46، سندھ میں 22 جبکہ گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور اسلام آباد سے بھی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک بھر میں804 مکانات متاثر ہوئے،203 مکمل تباہ ہو چکے ہیں، پنجاب میں 168، آزاد کشمیر میں 11، گلگت بلتستان میں 12 مکانات کو نقصان پہنچا۔
اعلامیہ کے مطابق سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں سے 200 سے زائد مویشی ہلاک ہوئے، ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، سندھ میں 50 ترپالیں، 28 ڈی واٹرنگ پمپ فراہم کیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھرمیں اب تک 450 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے، پنجاب میں 24 ریلیف کیمپس قائم ہیں، سندھ میں 2 کیمپس میں 176 متاثرین مقیم ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے محتاط رہنے اور ہنگامی صورتحال میں 1700 پر رابطے کرنے کی اپیل کی ہے، مزید بارشوں کی پیشگوئی کے سبب این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
https://urdu.arynews.tv/rain-in-karachi-wall-collapes-2-children-killed/