پاکستان کو گزشتہ مالی سال کے دوران 22ارب ڈالرز سے زیادہ کی بیرونی فنڈنگ حاصل ہوئی ہے، وزارت اقتصادی امور نے رپورٹ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے گزشتہ مالی سال کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال آئی ایم ایف سے تقریباً 2 ارب ڈالرز موصول ہوئے، چین، سعودی عرب، یو اے ای کی جانب سے 8 ارب ڈالرز قرض رول اوور کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال 19ارب 39 کروڑ ڈالرز کا بیرونی قرضہ، گرانٹس حاصل کرنے کا ہدف تھا۔
اقتصادی امور ڈویژن نے بتایا کہ عالمی مالیاتی اداروں سے پاکستان کو 4.83 ارب ڈالرز وصول ہوئے، پاکستان نے گزشتہ مالی سال 4.29 ارب ڈالرز کا کمرشل قرضہ بھی حاصل کیا۔
پاکستان میں اقتصادی استحکام کی رفتار حوصلہ افزا ہے، آئی ایم ایف
دستاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ مالی سال نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 1.91 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2.13 ارب ڈالرز فراہم کیے۔
گزشتہ مالی سال عالمی بینک نے 1.37 ارب ڈالرز کا ترقیاتی قرضہ دیا، گزشتہ مالی سال اسلامی ترقیاتی بینک نے 55 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز کا شارٹ ٹرم قرضہ فراہم کیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کی دستاویز میں بتایا گیا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے اس کے علاوہ بھی 18 کروڑ 63 لاکھ ڈالرز فراہم کیے۔
https://urdu.arynews.tv/pakistan-received-external-funding-3-5-billion-dollars-5-months/