دورہ بنگلہ دیش پاکستان ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب، پہلی بار ٹی 20 سیریز گنوا دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے رواں دورہ بنگلہ دیش ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے پہلے میچ میں دو منفی ریکارڈ بنانے کے بعد اب پہلی بار سیریز گنوا دی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم بڑی تیاریوں کے دعوے کے ساتھ بنگلہ دیش سے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے ڈھاکا پہنچی۔ تاہم اس کے یہ دعوے صرف تین روز میں ہی خاک میں مل گئے۔

پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان ٹیم نے وہ کارنامہ انجام دے کر دو منفی ریکارڈ اپنے نام کیے، جو اس سے قبل گرین شرٹس نے کبھی نہیں کیے تھے۔

ابھی اس کا دکھ ختم نہ ہوا تھا کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے میچ ہی نہیں ہارا بلکہ سیریز بھی گنوا دی اور یہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں سے سیریز چھین لی۔

پہلے میچ میں تو پاکستان ٹیم کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 20 اوورز مکمل کھیلے بغیر 110 رنز پر ڈھیر ہو کر دو منفی ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرائے۔

آج دوسرے میچ میں بھی پاکستان ٹیم کی بیٹنگ نے شروع میں دھوکا دیا۔ تاہم ٹیل اینڈرز کی بیٹنگ نے جیت کی امید بندھائی، لیکن منزل سے صرف 8 رنز دوری پر فتح کی ڈور ہاتھ سے چھوٹ گئی۔

دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش سے شکست

 

سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ جمعرات 24 جولائی کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی کارکردگی دیکھتے ہوئے خدشہ ہے کہ بنگال ٹائیگرز سیریز جیتنے کے بعد کہیں شاہینوں کو وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار نہ کر دیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم گزشتہ سال پاکستان کو اس کے میدانوں میں ہی ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کر کے جا چکی ہے۔

پاکستان کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں تاریخی شکست، بنگلہ دیش نے پہلی بار وائٹ واش کر دیا

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں ٹی 20 سیریز سے قبل 5 باہمی سیریز اور ایک نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹرائینگولر سیریز کھیلی گئی اور تمام سیریز میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آج کے میچ تک مجموعی طور پر 25 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گئے ہیں۔ ان میں پاکستان نے 19 جب کہ بنگلہ دیش نے 6 میچز جیتے ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/pakistan-made-two-negative-records-against-bangladesh/