متحدہ مجلس عمل کو فعال بنانے کی کوششیں تیز، مولانا فضل الرحمان کے رابطے

مولانا فضل الرحمان نے مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کیلئے کوششیں تیز کر دیں۔

ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمان نے متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے شروع کر دیے۔ انہوں نے سربراہ اسلامی تحریک علامہ ساجد نقوی، جمیعت اہلحدیث کے سربراہ حافظ عبد الکریم اور مولانا اویس نورانی سے رابطے کیے ہیں۔

مولانافضل الرحمان نے ایم ایم اے رہنماؤں کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کر لیا جس میں غیرفعال ایم ایم اے کی بحالی سمیت دیگر اہم امور زیرغور آئیں گے۔

مولانافضل الرحمان، علامہ ساجدنقوی، حافظ عبد الکریم اور علامہ اویس نورانی کی ملاقات متوقع ہے جب کہ جےیوآئی کی جانب سے تاحال جماعت اسلامی کو مدعو نہیں کیا گیا۔ جمعیت علمائے پاکستان کے دوسرے دھڑے ابوالخیر محمد زبیر بھی تاحال مدعو نہیں کیے گئے۔

ملاقات میں متحدہ مجلس عمل کی غیرفعالیت کے اسباب اور مستقبل پر مشاورت ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ابتدائی مشاورت ہے حتمی فیصلے سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا۔

4مذہبی سیاسی شخصیات کی ملاقات غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، غزہ اور خطے کے حالات بھی زیر بحث آئیں گئے۔