بھارت کے جنگی طیارے کیسے گرائے گئے؟ ٹرمپ نے ’لگاتار‘ کہہ کر وضاحت کر دی

ڈونلڈ ٹرمپ جنگی طیارے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت مختصر جنگ کے دوران انڈین جنگی طیاروں کے گرائے جانے کی بات کی، تاہم اس بار انھوں نے کہا کہ 5 بھارتی جنگی طیارے لگاتار گرائے گئے۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن اراکین سے خطاب میں پانچ بھارتی طیارے گرانے کا بیان ایک بار پھر دہرا دیا، اور ناکام ’’آپریشن سندور‘‘ کا بھارتی دعویٰ ایک بار پھر جھوٹا ثابت ہو گیا، جب کہ امریکی صدر کے ہاتھوں بھارت کو پھر سبکی اٹھانی پڑی۔

ٹرمپ نے کہا بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں 5 لڑاکا طیارے مار گرائے گئے، اور یہ انھوں نے یکے بعد دیگرے گرائے، ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ جنگ نہ رکواتے تو ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی۔

انھوں نے کہا ’’میں نے دونوں ملکوں سے کہا کہ جنگ نہ روکی تو امریکا آپ سے تجارت نہیں کرے گا۔ دونوں ملکوں کو تجارت کی آفر کر کے جنگ رکوائی۔‘‘

واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے پاک بھارت جنگ رکوانے کی بات متعدد بار سامنے آئی ہے، بالخصوص جب بھارتی رہنماؤں کی جانب سے اس بات سے باقاعدہ انکار کیا گیا کہ جنگ رکوانے میں ٹرمپ کا کوئی کردار تھا۔


کشمیر پر ثالثی : پاکستانی رہنما سے ملاقات جمعہ کو ہوگی، امریکی ترجمان


واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جمعہ کو پاکستانی رہنما سے کشمیر پر ثالثی سے متعلق بات چیت ہوگی، ٹیمی بروس سے پاکستان بھارت کشیدگی سے متعلق سوال کیا گیا کہ صدرٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے پاک بھارت لیڈر شپ کو دعوت دینے کا کہا تھا؟ کیا صدر ٹرمپ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرچکے ہیں، آئندہ کیا ہونے جا رہا ہے؟

انھوں نے جواب میں کہا کہ جمعہ کو ایک پاکستانی رہنما سے ملاقات ہونے جا رہی ہے، اس ملاقات میں ان تمام امور پر بات چیت ہوگی، ہم جانتے ہیں کہ آگے کیسے بڑھنا ہے، پاکستانی رہنما سے ملنے کے منتظر ہیں۔ واضح رہے یہ بھارت کی جانب سے کشمیر پر امریکی ثالثی کی پیشکش کو بھی ٹھکرایا گیا ہے۔