کراچی: کار شوروم پر فائرنگ کے بعد واٹس ایپ پر بھتے کی کال آ گئی

کراچی کار شوروم بھتہ

کراچی: گزشتہ روز نیو کراچی میں کار شوروم پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ پولیس نے ملازم کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیو کراچی تھانے کی حدود میں ایک کار شوروم پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد بھتہ خوروں کی جانب سے واٹس ایپ کال آ گئی۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیو کراچی تھانے میں مقدمہ رینٹ اے کار کے ملازم کی مدعیت میں بھتہ خوری، اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں گینگ وار وصی اللہ لاکھو، عبدالصمد کاٹھیا واڑی، جواد راجہ اور فائرنگ کرنے والے 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق شوروم پر فائرنگ لیاری گینگ وار نے بھتہ خوری کے لیے کی، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، اور انھوں نے واٹس ایپ پر شوروم مالک سے بھتہ مانگا۔


فیک جاب آفرز سے ہوشیار، نوجوانوں کو ٹریپ کرنے کے لیے واٹس ایپ گروپس متحرک


جس وقت فائرنگ کی گئی اس وقت مہران، عطا اللہ اور سلمان شوروم میں موجود تھے لیکن خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فائرنگ کے بعد بین الاقوامی نمبر سے کال آئی جس میں اس نے گینگ وار سے اپنا تعلق ظاہر کیا۔ بھتہ خور نے پیغام دیا کہ عمر فاروق یا سمیع اللہ رینٹ اے والے کو کہو کہ اپنا نمبر آن کرے اور بھتہ دے۔

نیو کراچی پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے، ملزمان تک پہنچنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔