پاکستان میں الیکٹرک بسوں کے بعد اب الیکٹرک ٹرام چلنے کے لئے تیار

الیکٹرک ٹرام

لاہور : پاکستان میں الیکٹرک بسوں کے بعد اب الیکٹرک ٹرام چلنے کے لئے تیار ہے ، چائنہ سے الیکٹرک ٹرام لاہور منگوا لی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میٹروبس، اورنج ٹرین اور الیکٹرک بس کے بعد لاہور کی سڑکوں پر الیکٹرک ٹرام چلتی دکھائی دے گی۔

چین سے پہلی الیکٹرک ٹرام لاہور پہنچ گئی ہے جسے ابتدائی طور پر کینال روڈ پر چلایا جائے گا۔

چین سے درآمد کردہ ٹرام تین باکسز پرمشتمل ہے جو مکمل طور پر بجلی سے چلے گی، 10 منٹ چارج کے بعد الیکٹرک ٹرام 25 سے 27 کلو میٹر چلے گی، جس میں دوسو پچاس افراد کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

پبلک ریلیشنز آفیسر نے بتایا کہ ٹرام کی اسمبلنگ علی ٹاون ڈپو میں کی جارہی ہے، جسے پہلے مرحلے میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر چلایا جائے گا۔

ترجمان نے کہا ” سب سے پہلے ٹرام سروس مفت ہوگی ، اگر ٹرائل کامیاب رہا تو ٹکٹ کی قیمتیں باقاعدہ استعمال کے لیے متعارف کرائی جائیں گی۔”

ایس آر ٹی ٹرین کینال روڈ کے دونوں اطراف موجودہ سڑک پر چلائی جائے گی، منصوبے کے لیے نئی لین درکار ہوگی اور نہ ہی درخت کاٹے جائیں گے، اسے ماحول دوست، توانائی بچانے والا اور کم لاگت منصوبہ قرار دیا جاتا ہے۔

سوپر آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے ترجمان طحہ خان عزیزی کا کہنا تھا کہ ایس آر ٹی پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہو گا۔