اسحاق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ سے اہم ملاقات طے

اسحاق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ

اسلام آباد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو  سے اہم ملاقات طے پاگئی ، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جمعے کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاک امریکا وزرائے خارجہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

وزیر خارجہ امریکی ہم منصب سے ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی سمیت بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بات کریں گے۔

اسحاق ڈار، مارکو روبیو ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی اور افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف کاروائیوں کیلئے مشترکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بات کی جائے گی۔

مزید پڑھیں : کشمیر پر ثالثی : پاکستانی رہنما سے ملاقات جمعہ کو ہوگی، امریکی ترجمان

ملاقات میں ٹرمپ انتظامیہ اور حکومت پاکستان کے درمیان پارٹنر شپ کے مواقع پر بات ہوگی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ 25 جولائی کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات کرنے والے ہیں۔

یہ ملاقات ان کے دورہ امریکہ کے دوران ایک روزہ دورہ واشنگٹن کے دوران ہوگی، یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی۔