ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پارٹی کی قیادت نے یمن کے معاملے پر ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا۔
ملتان میں نجی کالج کا افتتاح کرنے کی بعد شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات ٹھیک ہوتے تو آپریشن نہ ہوتا، ایم کیو ایم جمہوری طرز عمل کے تحت سیاست نہیں کررہی، سیاست بازو کے زور پر نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات نے پاکسانی معیشت کا استحصال کیا ہے، بھتہ لیا جاتا ہے، ہڑتالیں کروائی جاتی ہیں اور 2013 کا الیکشن بھی کراچی میں شفاف نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کیمپ اکھاڑنے والے اور ہمارے کارکنوں کو زخمی کرنے والے ایم کیو ایم کے کارکنان نہیں تھے تو فاروق ستار انہیں کیوں سمجھا رہے تھے۔