پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا

افغانستان پاکستان پی ٹی اے

اسلام آباد: پاک افغان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) طے پا گیا ہے، دونوں ممالک نے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغان وزارت صنعت و تجارت کے نائب وزیر ملا احمداللہ زاہد اور سیکریٹری تجارت جواد پال نے معاہدے پر دستخط کیے، اب وفاقی کابینہ سے اس معاہدے کی منظوری لی جائے گی۔

وزارت تجارت کے مطابق اس معاہدے کے تحت پاکستان کو برآمد کی جانے والی افغان اشیا پر عائد شرح ٹیرف کم ہو کر 22 فی صد تک ہو جائے گا، افغانستان کو ٹماٹر، انگور، سیب اور انار کی برآمد پر ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے گی، جب کہ پاکستان کو آلو، کینو، کیلے اور آم کی برآمد پر ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے گی۔


آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا


اس معاہدے کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا، ابتدائی طور پر پاک افغان ترجیحی تجارت کے معاہدے کا دورانیہ ایک سال ہوگا، اس کے بعد معاہدے کو باہمی اتفاق رائے سے توسیع دی جائے گی۔

فریقین نے افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا، حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں مزید تجدید بھی کی جا سکتی ہے۔