کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد، شناخت ہوگئی

کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد، شناخت ہوگئی

کراچی(24 جولائی 2025): بنارس فرنٹیئر کالونی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، مقتولہ کو اس کے شوہر نے قتل کیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بنارس فرنٹیئر کالونی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش ملی ہے،کرائم سین یونٹ شواہد جمع کرنے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 45 سالہ ملکیت بی بی کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کو اس کے شوہر نے چھری کے وار سے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے کوشش کی جارہی ہے، مقتولہ 7 بچوں کی ماں اور ملزم شوہر فروٹ کا ٹھیلا لگاتا ہے، ابتدائی تفتیش میں خاتون کے قتل کی وجہ گھریلو جھگڑا معلوم ہوتی ہے تاہم خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

میٹرک امتحان میں فیل ہونے پر طالب علم نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگادی

دوسری جانب کراچی میں ملیر سٹی گلشن قادری کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق گلشن قادری کے قریب گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماردی، حادثے میں موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت 30 سال کے ذیشان احمد کے نام سے ہوئی ہے۔