بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کا قانون تیار

پنجاب میں بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کا قانون تیار

لاہور (24 جولائی 2025): پنجاب میں بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلیے ’پنجاب سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل‘ قائم کی جائے گی جس کا مقصد ان کی سماجی، طبی، قانونی اور معاشی فلاح ہے۔

سینئر سٹیزنز ویلفیئر بل 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا جو قائمہ کمیٹی کو ریفر کیا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی بل کی منظوری دے گی۔

بل کے متن میں کہا گیا کہ 70 سال یا زائد عمر والے شہری سینئر سٹیزن کہلائیں گے، بزرگ شہریوں کیلیے خصوصی فنڈ سینئر سٹیزنز ویلفیئر فنڈ قائم ہوگا، کونسل کو فنڈز، عطیات، حکومتی گرانٹس اور ڈونیشنز حاصل ہوں گی، بے سہارا، لاوارث، معذور یا بغیر آمدن بزرگوں کو مالی امداد دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بزرگ شہریوں کیلیے سینئر سٹیزن کارڈ کا اجرا

اس میں کہا گیا کہ حکومت بزرگ شہریوں کیلیے اولڈ ہومز، مفت علاج اور قانونی مدد فراہم کرے گی۔ بل میں پبلک پارکس، لائبریریز، میوزیمز میں بزرگ شہریوں کی انٹری فری کرنے کی تجویز ہے۔

بل میں بزرگ شہریوں کیلیے الگ کاؤنٹرز، پبلک مقامات پر ریمپس اور ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے کی تجویز شامل ہے۔

متن کے مطابق فلاحی تنظیموں کے ساتھ تعاون اور سینئر سٹیزنز کیلیے ہیلپ لائن بھی قائم ہوگی، ہر سرکاری اسپتال میں بزرگوں کی نگہداشت خدمات کی فراہمی لازم قرار دی گئی، بل کی منظوری سے پنجاب میں معمر افراد کو قانونی تحفظ اور باوقار زندگی ملے گی، وزیر سماجی بہبود کونسل کے چیئرمین، مختلف محکموں کے سیکریٹریز بھی رکن ہوں گے۔