کوئٹہ : بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ کو گرفتار کرلیا، والدہ نے ویڈیو بیان میں دوہرے قتل کو درست قرار دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دوہرے قتل کیس کی سماعت ہوئی، مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ بدھ کو ڈیگاری میں دوہرے قتل میں مارے جانے والی بانو بی بی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام وائرل کیا، جس میں وہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے ہوئے بول رہی تھی کہ یہ قتل بلوچی روایات کے مطابق ہوا اور یہ قتل جائز ہے۔
اس اعتراف جرم کے بعد مقتولہ بانو کی والدہ گل جان کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ریمانڈ دینے کی استدعا کی ، جس پر عدالت نے مقتولہ کی والدہ کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
گذشتہ روز بلوچستان میں قتل ہونےوالی لڑکی کی ماں سامنے آئی اور ویڈیو بیان میں بیٹی کا قتل جائزقرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر
بانو کی ماں کا کہنا تھا کہ بیٹی کو بلوچی رسم و رواج کے مطابق سزا دی، سردار یا کسی اور کا کوئی قصورنہیں، انہیں رہا کردیاجائے۔
بعد ازاں مقتولہ کی والدہ کے بیان کو قانونی،سماجی صحافی حلقوں نےمسترد کردیا تھا اور تمام ملزموں کوکڑی سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔