پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مندی پر کاروبار کا اختتام

کاروبار ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی پر کاروبار کا اختتام ہوا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث فروخت کی وجہ سے انڈیکس میں 561 پوائنٹس کی کمی ہوئی، مارکیٹ ایک لاکھ 39 ہزار کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی۔

مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 38 ہزار 692 پوائنٹس پر بند ہوا، 28 ارب روپے مالیت کے 64 کروڑ حصص کے سودے ہوئے۔

مجموعی طور پر 482 کمپنیوں میں شیئرز کا کاروبار ہوا، 180 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 273 میں کمی ہوئی۔

پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

واضح رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس ایک لاکھ 39 ہزار 254 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ منافع کے حصول کے لیے شیئرز کی فروخت سے مارکیٹ مندی کا شکار ہوئی، اگلے چند دنوں تک مارکیٹ میں محدود رینج میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔