دسویں جماعت کے امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی فہرست

پنجاب کے مختلف شہروں میں آج دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے ان میں پنڈی ساہیوال اور سرگودھا بورڈز بھی شامل ہیں۔

آج صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں کے تعلیمی بورڈز نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ پنڈی، ساہیوال اور سرگودھا بورڈ کی جانب سے بھی نتائج کے ساتھ ٹاپ تھری پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال نے اعلان کردہ نتائج کے مطابق میٹرک کے امتحانات میں مجموعی طور پر 71 ہزار 789 طلبہ نے شرکت کی۔ 48 ہزار 680 نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 67.81 فیصد رہا۔

ساہیوال بورڈ کے نتائج کے مطابق فیضان فرید نے 1189 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ام رومان نے 1187 نمبر حاصل کر کے دوسری جب کہ محمد فیضان نے 1185 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ساہیوال بورڈ کے تحت میٹرک کے مکمل نتائج جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں

بورڈ آف انٹرمیڈیت اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے بھی بدھ کے روز میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ جس میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سرگودھا بورڈ میں پہلی پوزیشن نجی اسکول کی طالبہ مروہ سہیل کے نام رہی۔ انہوں نے 1187 نمبر حاصل کر کے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا۔

گورنمنٹ ہائی اسکول کمار مشانی کے طالب علم سراج خان نے 1186 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ اسد مبین اور منیب الرحمان نے 1184 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سرگودھا بورڈ نے تمام پوزیشن ہولڈرز کی تعریف کی اور ان کی مستقبل کی تعلیمی کاوشوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سرگودھا بورڈ کے دسویں جماعت کے مکمل نتائج جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں

راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ لارنس کالج مری کے طالب علم محمد عثمان نے 1188 نمبرحاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کلی۔ تلہ گنگ کی بسمہ نے دوسری جب کہ چکوال کی طالبہ مریم شہزادی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

راولپنڈی بورڈ میٹرک جنرل گروپ کے نتائج میں امام مسجد کی بیٹی عاصمہ ایمان نے 1125 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی

راولپنڈی بورڈ کے تحت رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار 97 امیدواروں نے امتحان دیا۔ جن میں سے 75 ہزار امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 63 فیصد رہا۔

پنڈی بورڈ کے تحت میٹرک کے مکمل نتائج جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں

واضح رہے کہ آج صوبہ پنجاب کے لاہور، فیصل آباد، ڈی جی خان اور ملتان تعلیمی بورڈز نے بھی میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔

لاہور بورڈ میں سبزی فروش کے بیٹے ملک فیضان رضا نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے والد کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ یہ بھی بتا دیا کہ تعلیم کسی کی میراث نہیں بلکہ کامیابی محنت سے ملتی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/class-10-results-vegetable-vendor-son-toppers-lahore-board/