9 مئی مقدمات میں 39 ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کا خطرہ ہے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 9 مئی مقدمات میں 39 ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی مقدمات میں پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان، 11 ایم این اے اور تین سینیٹرز کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے تمام ارکان پر مقدمات ہیں، مجھ سمیت کوئی ایسا پارلیمنٹیرین نہیں جس پر کوئی مقدمہ نہ ہو۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے خلاف بھی 6 مقدمات درج ہیں، آج بھی کیسز مین لوگوں کو چھ، چھ ماہ کی سزائیں دی گئیں، ہمیں کہا گیا ڈی چوک پر جلسہ نہیں کرسکتے، کہا گیا جلسہ کرنا ہے تو سنجانی کے مقام پر کریں ، یہ اس قسم کے مقدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اکیلے ہوتے تو مان لیتے کیا ہم سے پہلے یہاں لوگ نہیں آئے تھے۔

دو روز قبل بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ 9 مئی کے کیسز میں سزائیں قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر دی گئیں، جس سے عوام کا عدالتوں سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ 9 مئی کی مذمت کی ہے، ہماری پارٹی نے 2023 میں پیٹیشن دائر کر دی تھی، آئین اور قانون کا تقاضہ یہی ہے کہ ایک ملزم کا ٹرائل ایک ہی جگہ ہو گا، اس کے باوجود ہم نے عدالتوں کا سامنا کیا۔